پاکستان اور ترکی صدیوں پرانے مذہبی، ثقافتی اور تجارتی بندھن میں بندھے ہوئے ہیں،

دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں پاکستان میں ترکی کے سفیر کی ایف پی سی سی آئی کے صدر سے بات چیت

جمعہ 11 مئی 2018 12:28

پاکستان اور ترکی صدیوں پرانے مذہبی، ثقافتی اور تجارتی بندھن میں بندھے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یورداکل نے کہا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ملک صدیوں پرانے مذہبی، ثقافتی اور تجارتی بندھن میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں ممالک کے مابین تعلقات ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں ، آزادانہ تجارت کے معاہدے کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں جس پر دستخط کے بعد تجارت اور سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہو گاجبکہ ونوں حکومتیں اور عوام مزید قریب آجائیں گے۔

یہ بات انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلورسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عاطف اکرام شیخ، چیئرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل اور آمنہ ملک بھی موجود تھیں۔ ترک سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اور کاروباری برادری تجارت بڑھانے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کریں، پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے کا توڑ کیا جائے جبکہ مارکیٹنگ کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کا محل وقوع، عوام کی صلاحیت اور دیگر معاملات اسے عالمی اقتصادی قوت بنانے کیلئے کافی ہیں۔ پاکستان اورافغانستان تعلقات بہتر بنائیں جس سے اس خطے کی اہمیت بڑھے گی جبکہ پاکستان اور ترکی مل کر عالم اسلام کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔ اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ انکا ادارہ ترکی مین پاکستانی مصنوعات کی نمائش منعقد کروائے گا جس سے تجارتی تعلقات بڑھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ترک سفیر پاکستانی مصنوعات اپنے ملک میں روشناس کروائیں اور ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی آئل اینڈ گیس، لیدر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یورداکل اپنی تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کو قریب لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :