ایس ای سی پی کے زیرِ اہتمام کمپنی رجسٹریشن پر سیمینار

ایس ای سی پی کی جانب سے فراہم کی جانے والے خدمات کو مزید کار گزار بنانے کیلئے شرکاء اپنی قیمتی آرا ء سے آگاہ کریں،سدرہ منصور

جمعہ 11 مئی 2018 18:50

ایس ای سی پی کے زیرِ اہتمام کمپنی رجسٹریشن پر سیمینار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے کارپوریٹائزیشن کی مہم کے سلسلے میں کمپنیز ایکٹ ۲۰۱۷ کے تحت کمپنیوں کی تشکیل اور رجسٹریشن کے بعد کے قانونی تقاضوں پر آگہی کے لئے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹنٹ کے تعاون سے آئی کیپ ہاوس لاہور میں ایک سیمینار منعقد کیا۔ وکلاء، اکاؤنٹنٹس اور کاروباری ماہرین کی بڑ ی تعداد نے اس سیمینار میں شرکت کی۔

ایس ای سی پی کے کمپنی رجسٹریشن دفتر لاہور سے جائنٹ رجسٹرار سدرہ منصور نے کارپوریٹائزیشن اور کارپوریٹ کمپلائنس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایس ای سی پی کی جانب سے کارپوریٹائزیشن کے فروغ اور کارپوریٹ کمپلائنس کی مد میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں شرکاء کو بتایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کی جانب سے فراہم کی جانے والے خدمات کو مزید کار گزار بنانے کے لئے شرکاء اپنی قیمتی آرا ء سے آگاہ کریں۔

ایڈیشنل رجسٹرار شہباز سرور نے ای انکارپوریشن،کمپنیز (انکارپوریشن) ضوابط ۲۰۱۷اور کمپنیز ایکٹ کے متعلقہ احکامات پر مختصراً روشنی ڈالی۔ اس موقع پر آئی کیپ کے ناردن ریجن کی کمیٹی کے چئیرمین اسد فیروز نے کارپوریٹ سیکٹر کے فروغ کے لئے ایس ای سی پی کے اقدامات کی تعریف کی اور ایسے آگہی سیمینار باقاعدگی سے منعقد کئے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کے اعلیٰ ترین ریگولیٹر کی حیثیت سے، ایس ای سی پی نے ہمیشہ پیشہ ورانہ اور تجارتی انجمنوں کے ساتھ روابط برقرار رکھے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دیگر پیشہ ورانہ اور تجارتی تنظیموں کے تعاون سے ایسے مزید سیمینار اور ورکشاپوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔ سیمینار کے آخر میں سوال و جواب کی نشست کے دوران شرکا نے اپنی قیمتی آراء بھی ایس ای سی پی کے گوش گزار کیں۔