لاہور ، آل پنجاب ریڈرز فٹ بال کپ کے قابلے ریڈرز فٹ بال گرائونڈ فیصل ٹائون میں اختتام پذیر

میزبان ریڈرز کلب مسلم کلب شیخوپورہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی ککس کے ذریعے 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی

جمعہ 11 مئی 2018 21:46

لاہور ، آل پنجاب ریڈرز فٹ بال کپ کے قابلے ریڈرز فٹ بال گرائونڈ فیصل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) لاہور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پنجاب ریڈرز فٹ بال کپ کے قابلے ریڈرز فٹ بال گرائونڈ فیصل ٹائون میں اختتام پذیر ہوگئے۔ جس میں پنجاب بھر سے 24 ٹیموں نے شرکت کی۔ میز بان ریڈرز کلب اور مسلم کلب شیخوپورہ نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس میچ کے مہمانِ خصوصی سابق ہاکی اولمپین سردار بلجیت سنگھ خصوصی طور پر لند ن سے تشریف لائے تھے۔

جب یہ گرائونڈ پر پہنچے تو ان کا آفیشلز اور کھلاڑیوں نے شاندار استقبال کیا۔ ان کا میچ سے قبل کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ صدر ریڈرز کلب خاور شاہ، میاں رضوان علی اور فٹ بال پرموٹرز طاہر حسین ہمراہ تھے۔ میزبان ریڈرز کلب مسلم کلب شیخوپورہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی ککس کے ذریعے 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین فٹ بال سے داد وصول کی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ 0-0 برابر تھا۔ کھیل کے 48 ویں منٹ میں ریڈرز کلب کی طرف سے حسنین نے پینلٹی کے ذریعے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1 گول کی سبقت دلا دی۔ جواب میں مسلم کلب کی طرف سے وقاص وکی نے 58 ویں منٹ میں گول داغ کر مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت میں برابری کی صورت میں فیصلہ پینلٹی ککس پر جا پہنچا اور ریڈرز کلب نے 2 کے مقابلے میں 5 گول سے فتح حاصل کرلی۔

تقریب انعامات کا آغاز اللہ تعالیٰ کے پاک نام تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ سیکرٹری کلب کبیر احمد چوہدری ایڈووکیٹ نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے اغراض ومقاصد پیش کئے۔ تمام مہمانوں، کھلاڑیوں اور تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا۔ جن کی بدولت ٹورنامنٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ اس موقع پر ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر اور سردار بلجیت سنگھ نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی بڑی تعداد میں ٹرافیاں، شیلڈیں، ٹریک سوٹ تقسیم کئے۔

مہمانوں نے فٹ بال پرموٹرز طاہر حسین طارو کی فٹ بال کے فروغ کیلئے دن رات کی کوششوں کو سراہا اور ان کی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آج طاہر حسین طارو جیسے فٹ بال آرگنائزرو ں کی ضرورت ہے تاکہ یہ کھیل پروان چڑھے۔ اس موقع پر سردار بلجیت سنگھ نے طاہر حسین کو خصوصی ایوارڈ کے ساتھ ساتھ کلب کیلئے ایک ہزار بریٹین پائونڈز کا چیک پیش کیا۔

اس موقع پر صدر لاہور ڈسٹرکٹ میاں رضوان علی، دلاور شاہ، ملک فیصل ایوب، قمر عباس شاہ، میاں اشفاق، طارق قریشی، سابق میڈیا آفیسر پی ایف ایف منظور علی عارف، انٹرنیشنل ونیشنل فٹ بالر اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وحید مراد، فیاض صدیقی، شمس پرویز، محمد جمیل ریفری ، نعیم زیدی میچ کمشنر جبکہ عیسیٰ خان ریفری اسیسر تھے۔

متعلقہ عنوان :