حافظ آباد میں وفاقی وزیر صحت کے خصوصی ترقیاتی پیکج کے تحت 15کروڑ کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا سلسلہ شروع

جمعہ 11 مئی 2018 22:13

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے ترقیاتی کاموں ،تبادلوں اور بھرتیوں پر لگائی جانے والی پابندی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد حافظ آباد میں وفاقی وزیر صحت کے خصوصی ترقیاتی پیکج کے تحت 15کروڑ کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ایک غیر رسمی اجلاس میں وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد اقبال بھٹی اور قومی تعمیر کے مختلف محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اس ترقیاتی پیکج کے تحت پہلے سے نشان دہی کردہ ترجیحی منصوبوں کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ فورم کے ذریعے فوری منظوری دی جائے تاکہ عوامی فلاحی منصوبوں پر جلد از جلد ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر کام کے آغاز کی راہ میں حائل روکاوٹ دور ہو گئی ہے اور ضلع کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلہ میں نمایاں بہتری آئیگی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں موجود چیئرمین میونسپل کمیٹی حاجی جمشید عباس تھہیم ،سی ای او میونسپل کمیٹی ظفر عباس اور پبلک ہیلتھ اینجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ گڑھی اعوان سیوریج اسکیم کو میونسپل کمیٹی کے سپرد کرنے اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے حوالہ سے ابہام اور تحفظات ختم کرنے کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ سے رابطہ کرکے ہدایات لی جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت اسکیم کو ایک محکمے سے دوسرے محکمے کے حوالے کرنے کے سلسلہ میں عوام کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے پبلک ہیلتھ کے ترقیاتی کاموں کے معیار سے متعلقہ عوامی نمائیندگان کی شکایات کے ازالہ کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار کے حوالہ سے شکایات کا ازالہ نہ کئے جانے کی صورت میں متعلقہ اہل کار اور ٹھیکیدار ذمہ دار ہوگا۔