مہاراشٹرا پولیس کے افسر ہمانشو رائے کی ممبئی میں پراسرارہلاکت،تحقیقات جاری

ہمانشو رائے ممبئی کی قیام گاہ سے مردہ حالت میں ملے،قریب ہی پستول پڑاتھا،پولیس نے واقعہ خودکشی قراردیدیا

ہفتہ 12 مئی 2018 11:50

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) بھارت میں مہاراشٹر پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اور مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے سابق سربراہ ہمانشو رائے ممبئی میں مردہ پائے گئے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ہمانشو رائے نے خودکشی کی ہے، ہمانشو رائے نے ڈیوڈ ہیڈلے کی گرفتاری اور انڈین پریمئر لیگ میں سٹے بازی کا نیٹ ورک توڑنے سے شہرت حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

ہمانشو رائے اپنی ممبئی کی قیام گاہ سے مردہ حالت میں ملے، ان کا پستول ان کے قریب پڑا تھا اور گولی لگنے سے ان کی کھوپڑی چٹخ چکی تھی۔ممبئی پولیس کے مطابق ہمانشو رائے کے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک خط ملا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ وہ خودکشی کر رہا ہے اور اس کے اس فیصلے پر کسی کو بھی ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔اطلاعات کے مطابق ہمانشو رائے کینسر کے مرض میں مبتلا تھا اور اسی لیے دو سال سے چھٹی پر تھا۔ہمانشو رائے اس ٹیم کا بھی رکن تھا جس نے ڈیوڈ ہیڈلے کو گرفتار کیا تھا جس پر ممبئی دھماکوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا، ہمانشو رائے نے انڈین پریمئر لیگ میں سٹے بازی کے جرم میں وندو دارا سنگھ کو بھی گرفتار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :