رمضان بازاروں میں سبزیوں اور پھلو ں کی رسد کو یقینی بنانے کے لئے کولڈ سٹوریج اور گوداموں میں سٹاک کی انسپکشن کا آغاز

ہفتہ 12 مئی 2018 23:25

ملتان۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ ایگریکلچر مارکیٹنگ ملتان نے رمضان بازاروں میں سبزیوں اور پھلو ں کی رسد کو یقینی بنانے کے لئے کولڈ سٹوریج اور گوداموں میں سٹاک کی انسپکشن کا آغازکردیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا نے سبزی منڈی و غلہ منڈی میں قائم کولڈ سٹوریج سٹورز کا دورہ کیا اور پھلوں وسبزیوں کے دستیاب کوٹے کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی چوہدری اظہر کمبوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آصف رضا نے اس موقع پر کولڈ سٹوریج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں 14مئی سے اشیاء خوردونوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ روزہ داروں کو ہر موسم کا پھل دستیاب ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر رمضان بازاروں میں تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ تمام بازاروں میں ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی جہاں مختلف آئٹمز پر حکومت کی جانب سے خصوصی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی چوہدری اظہر کمبوہ نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔