پاکستان قومی رگبی 15 سائیڈ ٹیم ایشین ڈویڑن تھری چیمپئن شپ کیلئے 14 مئی کو قازقستان روانہ ہوگی

ہفتہ 12 مئی 2018 23:44

پاکستان قومی رگبی 15 سائیڈ ٹیم ایشین ڈویڑن تھری چیمپئن شپ کیلئے 14 مئی ..
لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان قومی رگبی 15 سائیڈ ٹیم ایشین ڈویڑن تھری چیمپئن شپ کیلئے 14 مئی کو قازقستان کے شہر الماتے روانہ ہوگی۔ گزشتہ روز پاکستان رگبی یونین نے 26 رکنی ٹیم اور چار رکنی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کیا۔ 30 رکنی سکواڈ 14 مئی کو الماتے روانہ ہوگا جہاں ڈویڑن تھری کی چار ملکی ایشین رگبی چیمپئن شپ ہوگی جس میں پاکستان، قازقستان، منگولیا اور کرغستان شامل ہیں۔

پاکستان رگبی ٹیم کے مینجر محمد یحیٰ بھٹی اور ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک کے مطابق ایک متوازن ٹیم منتخب کی گئی۔ ٹیم کا کیمپ لاہور اور اسلام آباد میں پچھلے دو ماہ سے جاری رہا۔ ٹیم نے کافی محنت کی اور امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹیم میں تمام یونٹس کے بہترین کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم سے کافی توقعات ہیں۔ پاکستان رگبی ٹیم 15 مئی کو الماتے میں پریکٹس کرے گی۔

ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 16 مئی بدھ کو پاکستان اورکرغستان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھی اسی دن منگولیا اور قازقستان کے درمیان فرسٹ پریذیڈنٹ رگبی سٹیڈیم الماتے میں کھیلا جائے گا۔ 19 مئی بروز ہفتہ کو تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ اور فائنل کھیلا جائے گا۔ پاکستان رگبی ٹیم میں کپتان کاشف خواجہ دیگر کھلاڑیوں میں ناصر محمود، شاہد محمود، محمد ہارون، مصدق الطاف،عرفان شہزاد، شرافت علی ، محمد وقاص، اسرار احمد،انجم شہزاد، زاہد اقبال ، داؤد گل، فیصل اسلم، محمد وقاص ، ملک عارف حسین،محمد طلحہ ، حماد صفدر، احمر علی ،سید محمد معیز علی، سید محمدداؤد علی، عدنان سعید، سعد عارف، محمد علی خان، محمد شعیب اکبر، احمد وسیم اکرم،شہاز خان شامل ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک، مینجر محمدیحییٰ بھٹی، فزیو محسن عزیز اور انالسٹ سلمان مظفر شیخ شامل ہیں۔پاکستان رگبی یونین کے صدر عارف سعید کے مطابق پاکستان رگبی ٹیم تین سال بعد اپنا پہلا 15 سائیڈ ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ٹیم سے امید ہے کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ کپتان کاشف خواجہ سمیت تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

قازقستان کی ٹیم بھی گزشتہ کچھ عرصے سے بہت اچھا کھیل پیش کر رہی ہے امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔ صدر پاکستان رگبی یونین نے وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی ریاض حسین پیرزادہ، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ عامر احمد علی ، ڈائریکٹر اعظم ڈار ، ڈپٹی ڈائریکٹر آغا امجد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان رگبی ٹیم کوسپورٹ کیا۔