Live Updates

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی تیسری اہلیہ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

شادی کے بعد بشریٰ بی بی کی عمران خان کے ہمراہ پہلی آفیشل تصویر سامنے آئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 مئی 2018 12:37

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی تیسری اہلیہ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مئی 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کی تصویر سوشل میڈیا پر گذشتہ رات سے ہی وائرل ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گذشتہ رات پی ٹی آئی چئیرمین اور ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کی تصویر وائرل ہوئی۔شادی کے بعد عمران خان کے ہمراہ بشریٰ بی بی کی یہ پہلی آفیشل تصویر ہے۔

اس تصویر میں عمران خان اور بشریٰ بی بی مبینہ طور پر اپنے گھر کے لان میں بیٹھے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ بشریٰ بی بی کی دوست بھی موجود ہیں، اس تصویر کو سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے روحانی پیشوا بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی ، بشریٰ بی بی کی عمران خان سے شادی پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق رواں برس کے آغاز میں ہی پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بشریٰ بی بی سے نکاح کیا۔ نکاح کی تقریب میں قریبی دوست احباب شریک تھے، نکاح کی رسم انتہائی سادگی سے بشریٰ بی بی کی دوست کے گھر منعقد کی گئی۔ جس کے بعد 25 فروری کو پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے قریبی دوست احباب اور پارٹی رہنماؤں کو دعوت ولیمہ پر مدعو کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بشریٰ بی بی سے سب کا تعارف بھی کروایا ۔

خیال رہے کہ عمران خان کی تیسری شادی کی تصاویر میں بشریٰ بی بی نے حجاب لے رکھا تھا ،بشریٰ بی بی نے نکاح کے موقع پر بھی حجاب اپنے منہ پر اوڑھ رکھا تھا۔ اسی لیے ان کا چہرہ نہیں دیکھا جا سکا جس کے بعد کئی خواتین کی تصاویر کو بشریٰ بی بی سے منسوب کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا جس کی بعد ازاں تردید بھی کی گئی۔ تاہم اب بشریٰ بی بی کی عمران خان کے ہمراہ ایک آفیشل تصویر سامنے آئی ہے ، بشریٰ بی بی کو اس تصویر میں بھی حجاب میں دیکھا جا سکتا ہے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات