پرویز مشرف کوپارٹی صدارت سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر

منگل 15 مئی 2018 17:56

لاہور۔15 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کو آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے ہٹانے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی ہے، درخواست میں سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے،لاہور ہائیکورٹ میں پرویز مشرف کے خلاف سنگل بنچ میں درخواست کے مسترد ہونے پر انٹراکورٹ اپیل دائر کی گئی ہے، درخواست گزار لاہور کے رہائشی مقامی وکیل محمد آفاق نے اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ پرویزمشرف کو عہدے سے ہٹانے اور آل پاکستان مسلم لیگ پر پابندی کے لیے درخواست دائر کی تھی جبکہ ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے ستائیس اپریل کو قانون کے تقاضے پورے کیے بغیر درخواست مسترد کی، اپیل کنندہ نے نشاندہی کی ہے کہ سنگل بنچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو پچاس ہزار روپے جرمانے کا بھی حکم دیا تھا ،اپیل کنندہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پرویز مشرف کو عہدے سے ہٹانے اور اے پی ایم ایل پر پابندی سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قراردیاجائے۔