پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا عالمی دن کل منایا جائے گا

بدھ 16 مئی 2018 12:41

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا عالمی دن کل جمعرات کومنایا جائے گا۔ورلڈ ٹیلی کام ڈے کے موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ ، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی اور بعض دیگر اداروں کے اشتراک سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں دور حاضر میں ٹیلی کام کی اہمیت و افادیت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر سیمینارز، کانفرنسز، ورکشاپس و دیگر تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔ پی ٹی اے کے ذرائع نے بتا یا کہ اتھارٹی نے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے ٹیلی کام صارفین کا معیار زندگی بہتر بنانے اور شہروں ، دیہی و دور دراز علاقوں کو خوشحال اور بہتر طور پر منظم بنانے کا عزم کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ براڈ بینڈ اور سیلولر ڈیٹا سروسز کی بہتری کے لئے کوالٹی آف سروس پیر ا میٹرز کا اجراء ، اردو زبان میں پی ٹی اے کی ویب سائٹ کا آغاز، تعلیمی اداروں سے متعلق ایس ایم ایس پر مبنی انفارمیشن سسٹم کی وزارت تعلیم کو حوالگی ، ملک کے آئی سی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے خصوصی پروگرامزکا اجراء پی ٹی اے کے اہم اقدامات میں شامل ہے۔

انہوںنے کہا کہ پی ٹی اے ماضی و حال کی طرح مستقبل میں بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔