پنجاب میں 309رمضان بازار قائم کرنیکا فیصلہ، ڈپٹی کمشنرزکو فنڈز جاری کر دئیے گئے

چینی 46 اور آٹے کا 10کلو کا تھیلا 250روپے میں دستیاب ہوگا،5لاکھ ٹن گندم کی منظوری دیدی گئی، دال چنا ، بیسن ، کیلا،کھجور،سیب ودیگر شیاء خورونوش مارکیٹ سے 20روپے کلو رعایتی نرخوں پرمیسر ہونگے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،کوتاہی پرانچارج بازاراورڈپٹی کمشنربراہ راست ذمہ دار ہونگے‘ملک ندیم کامران

بدھ 16 مئی 2018 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2018ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو سستے داموں اشیاء خورونوش کی فراہمی کیلئے صوبہ بھرمیں 309رمضان بازار قائم کئے جارہے ہیں اور اس حوالے سے درکار فنڈز کا جاری کردئیے گئے ہیں، معیاری اشیائے ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی،رمضان بازاروں میں چینی 46روپے کلو ، 10کلو آٹے کا تھیلا 250روپے میں جبکہ مختلف دالوں، بیسن ، کھجور ، سیب اور دیگر اشیاء ضروریہ مارکیٹ سے 20روپے کلوتک ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی ۔

انہوں نے یہ بات یہاں سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکج2018ء کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ منشاء اللہ بٹ،متعلقہ محکموںکے سیکرٹریز اور قانون نافذ کرنیوا لوں اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ بازاروں میں سستے داموں آٹافراہم کرنے کیلئے 5لاکھ ٹن گندم کے اجراء کی منظوری دیدی گئی ہے 2دن بعد آٹا 10اور 20کلو کی پیکنگ میں گرین بیگز میں دستیاب ہوگا ۔

انہوں نے ویڈیو لنک خطاب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کو رمضان بازاروں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بازاروں کے قیام کیلئے ایسی جگہوں کا انتخاب کیا جائے جہاں عوام کو آمدورفت میں کسی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں، مقدار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،کوتاہی پرانچارج بازاراو رڈپٹی کمشنربراہ راست ذمہ دار ہونگے۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ صوبہ بھرمیں قائم کئے جانیوالے رمضان بازاروں میں عوام کوفراہم کردہ سہولیات،اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور ان کے معیار کی چیکنگ کیلئے صوبائی وزراء اور سیکرٹریز اچانک دورے کرینگے اور بازاروں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :