بلڈرز اور ڈیولپرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ کمشنر کراچی

بدھ 16 مئی 2018 22:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ وہ اپنے دفتر میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے وائس چیئرمین سہیل ورند کی قیادت میں آئے وفد کے ارکان سے گفتگو کررہے تھے۔وفد میں آباد کی انسداد تجاوزات اور لا اینڈ آرڈر پر کمیٹی کے کنوینر آصف سم سم،مسز منصور، ندیم جیوا، زبیر عیسانی،ممتاز غازی اور تابش غازی شامل تھے۔

کمشنر نے کہا کہ رہائشی و تجارتی منصوبوں کی تعمیرات میں بلڈرز اور ڈیولپرز کو پیش آنے والے مسائل سے ضلعی انتظامیہ بحوبی آگاہ ہے اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بلڈرز کے جائز مسائل کو حل کرنے کے لیے بروقت کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

کمشنر اعجاز احمد خان نے کراچی کی تعمیر و ترقی میں آباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آباد بلڈرز اور ڈیولپرز کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو بھی رہائشی سہولتیں فراہم کررہی ہے۔

ملکی خوشحالی اور معاشی ترقی میں تعمیراتی شعبے کا کردار سب سے اہم ہے اوراس شعبے کو فروغ دینے میں آباد بھرپور کوششیں کررہی ہے جسے سراہا جانا چاہیے۔ اس موقع پر آبا دکے وائس چیئرمین سہیل ورند نے کراچی میں بلڈرز اور ڈیولپرز کو پیش آنے والے مسائل سے آگہی دی جس پرکمشنر کراچی نے بلڈرز کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے احکام جاری کیے۔کمشنر کراچی نے آباد وفد کو یقین دہانی کرائی کراچی کے تعمیر ترقی میں ضلعی انتظامیہ آباد کی بھرپور مدد کرے گے۔ مسائل کے حل کی یقین دہانی پر سہیل ورندو دیگر ارکان نے کمشنر کراچی سے تشکر کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :