شہری رمضان کی برکتوں سے بھرپور فیضیاب ہونے کے لئے رمضان بازاروں سے خریداری کریں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 17 مئی 2018 21:14

ملتان۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ یکم رمضان المبارک پر ہزاروں شہریوں نے رمضان بازاروں سے استفادہ کیا جو ضلعی انتظامیہ کے بھرپور اقدامات کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام مارکیٹ کی نسبت رمضان بازاروں میں اعلیٰ معیار کی اشیاء خوردونوش انتہائی سستے داموں میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی، آٹے، دالیں، بیسن اور مشروبات پر حکومت کی جانب سے واضح سبسڈی دی گئی ہے ۔

شہری رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور فیض یاب ہونے کے لئے رمضان بازاروں سے خریداری کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی مبشر الرحمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ائیر کنڈیشنڈ رمضان بازاروں پر عوام کا پیسہ ضائع کرنے کے بجائے اس سرمائے سے سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی اور مقدار بہتر کرنے کو ترجیح دی ہے۔

تمام 12رمضان بازاروں میں سکیورٹی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ خواتین کے لئے علیحدہ کائونٹرز بھی قائم کردئیے گئے ہیں۔ زاہد سہیل نے ضلعی آفیسروں کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں میں اپنے فرائض جانفشانی سے سرانجام دیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عام مارکیٹ میں نرخوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کریک ڈائون کرنے کے احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا نے گزشتہ روز علی الصبح سبزی منڈی کا دورہ کیا اور رمضان بازاروں میں سپلائی کے لئے پھلوں اور سبزیوں کی اپنی نگرانی میں نیلامی کرائی۔ اس موقع پر آصف رضا نے اوپن مارکیٹ میں جانے والے پھلوں اور سبزیوں کے ٹرکوں کی قیمتوں کو بھی چیک کیا تاکہ ناجائز منافع خوروں کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے رمضان بازاروں میں اعلیٰ معیار کی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ تمام بازاروں میں ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس بھی قائم کردی گئی ہیں جہاں روزہ داروں کے لئے تمام اقسام کے آئٹمز پر واضح رعائت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروںمیں مشروب ساز کمپنیوں اور دیگر برانڈز کو بھی جگہ دی گئی ہے تاکہ روزہ دار ایک ہی چھت تلے تمام خریداری کرسکیں۔ آصف رضا نے بتایا کہ سبزی منڈی میں پورا ماہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو مانیٹر کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :