پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

جمعہ 18 مئی 2018 18:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ کیمسٹوں کا کیٹگری بی کا امتحان رمضان المبارک کے بعد ہو گا، کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے شٹر ڈائون ہڑتال شروع کی جو ناکام ہو گئی۔

(جاری ہے)

شہر میں ہڑتال جزوی رہی جس کے بعد پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی حکومت اور کیمسٹ ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے شفقت مغل نے کہا کہ مذاکرات کے دوران طے ہوا ہے کہ کیٹگری بی کا امتحان رمضان المبارک کے بعد ہو گا جبکہ کیٹگری سی کی معیاد دو سال اور شیڈول جی کی معیاد دو سال ہو گی۔