چینی وزیر خارجہ کی ہسپانوی وزیر اعظم سے ملاقات، سپین چین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں

ہفتہ 19 مئی 2018 12:53

میڈرڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2018ء) چین کے ریاستی کونسلراور وزیر خارجہ وانگ ای اور سپین کے وزیر اعظم ماریانو روجوئے کے درمیان میڈرڈ میں ملاقات ہوئی۔چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس موقع پر ہسپانوی وزیر اعظم نے کہا کہ سپین اور چین کے درمیان مزید اعلیٰ سطح کے دورے ہونے چاہیے جبکہ تجارت ، سیاحت ، ثقافت اور کھیل کے شعبہ جات میں تعاون کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔

رواں برس چین اور سپین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 45ویں سالانہ تقریبات منائی جا رہی ہیں جبکہ فریقین کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کو بھی تیرہ برس ہو چکے ہیں۔روجوئے نے اس حوالے سے کہا کہ اسپین۔چین تعلقات ٹھوس ترقی کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ہسپانوی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ چین کا دورہ کر چکے ہیں اور گزشتہ برس بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون فورم میں اٴْن کی شرکت انتہائی متاثر کن تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ کہ چین سپین کی جانب سے دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی حمایت کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی اپنی قومی ترقیاتی حکمت عملیوں کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنا چاہیے اور تعاون کے نئے امکانات کی جستجو کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں وسیع تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :