کویتی سرکاری ٹی وی کی پیش کاراپنے مرد ساتھی کو آن ایئرخوبروکہنے پر معطل

وزارت اطلاعات نے معطلی کے فیصلے سے زبانی آگاہ کیا،خاتون پیش کار/سوشل میڈیا صارفین کاملاجلاردعمل

اتوار 20 مئی 2018 13:10

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) کویت کی وزارت اطلاعات نے سرکاری ٹی وی کی ایک پیش کار کو اپنے ساتھی مرد کو براہ راست نشریات کے دوران میں ’’خوبرو‘‘ کہنے پر معطل کردیا ہے جس پر سوشل میڈیا پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت کے ایک رکن پارلیمان محمد ہایف نے کویت ٹی وی چینل کی ایک پیش کار باسمہ الشمار کے بارے میں وزارت کو یہ شکایت کی تھی کہ انھوں نے ملک میں منعقدہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کی براہ راست کوریج کے دوران میں اپنے ایک مرد ساتھی پیش کار کو خوبرو اور چاق چوبند کہا تھا۔

اس شکایت پر وزارت نے بسمہ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کویت میں سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اس میں خاتون پیش کار اپنے مرد ساتھی نواف الشراکی کو خبردار کرنے کی کوشش کررہی ہیں کہ وہ آن ائیر ہیں۔ اس وقت وہ اپنے روایتی سرپوش کو درست کرنے کی کوشش کررہے تھے۔اس خاتون کے الفاظ یہ تھے نواف آپ کو اپنا سرپوش درست کرنے کی ضرورت نہیں ،آپ تو پہلے خوب صورت ہیں ۔

دوسری جانب نواف الشراکی نے وضاحت کی ہے کہ وزارتِ اطلاعات نے ان کی ساتھی پیش کار کو زبانی طور پر معطلی کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔انھوں نے اپنی ساتھی خاتون کی پیشہ ورانہ لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے لفظ خوبرو نہیں سنا تھا اور اسی لیے انھوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا تھا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ سرپوش نہیں بلکہ اپنا ہیڈ فون درست کررہے تھے۔نواف کا کہنا تھا کہ وہ کام سے فراغت کے بعد جب ایک کافی شاپ میں گئے تو انھیں سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں سے اس واقعے کا پتا چلا تھا ۔پھر ان کے دوستوں اور خاندان کے افراد نے بھی فون کرنا شروع کردیے۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں اپنی ساتھی پیش کار کی تعریف کی ہے اور انھیں میڈیا کی بہترین شخصیات میں سے ایک قرار دیا ہے۔