وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکی سکول میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچ گئے

وزیر اعظم نے والدین کا سبیکا کی ناگہانی موت پر گہرے رنج ، دکھ اور ہمدردی کا اظہار سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی، پوری قوم اس کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

اتوار 20 مئی 2018 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکی ریاست ٹیکساس کے سانٹا فے سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر گئے،وزیر اعظم نے سبیکا شیخ کے والدین سے سبیکا کی ناگہانی موت پر گہرے رنج ، دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی، پوری قوم سبیکا کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے۔

وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ سبیکا کے اہل خانہ کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انتہاپسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔انھوں نے کہا کہ ایسے رجحانات پر قابو پانے کے لیے جہاں انکی اصل وجوہات تلاش کرنے اور ان اسباب کے تدارک کی ضرورت ہے وہاں بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔