ٹیکساس میں فائرنگ کرنے والے ملزم نے بار بار پروپوزل رد کرنے والی لڑکی کو نشانہ بنایا

لڑکی نے مبینہ طور پر ملزم کے پروپوزل کو پوری جماعت کے سامنے رد کیا تھا اور سب کے سامنے اس کی بے عزتی بھی کی ۔ لڑکی کی والدہ کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر مئی 10:46

ٹیکساس میں فائرنگ کرنے والے ملزم نے بار بار پروپوزل رد کرنے والی لڑکی ..
ٹیکساس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : دو روز قبل امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتا فے کے ہائی اسکول میں فائرنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والی ایک طالبہ کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ میری بیٹی نے فائرنگ کرنے والے لڑکے کا پروپوزل بار بار پوری جماعت کے سامنے رد کیا اور اسے سب کے سامنے بے عزت بھی کیا۔

شانا فشر نامی طالبہ ،جو فائرنگ کا نشانہ بننے کے کچھ دن قبل ہی 16 برس کی ہوئی تھی، نے کئی مرتبہ ملزم کی پیشکش کو رد کیا۔ شانا کی والدہ نے بتایا کہ 17 سالہ ملزم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ خاموش اور دھیمی طبیعت کا مالک تھا۔ لیکن اس کی طبیعت میں اکھڑ پن تب آیا جب شانا نے اس کے پروپوزل کو ایک سے زائد مرتبہ رد کیا اور پوری کلاس کے سامنے اسے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

شانا کےانکار کا یہ واقعہ اسکول میں فائرنگ سے ایک ہفتہ قبل پیش آیا۔ملزم کے وکیل کا کہنا ہے کہ اسے ملزم اور شانا کے درمیان ہوئی ایسی کسی بات کا علم نہیں ہے۔ وکیل نے کہا کہ 17 سالہ ملزم کی ذاتی زندگی کے حوالے سے کئی افواہیں گردش کررہی ہیں جن پر یقین نہیں کیا جا سکتا، پولیس کو دئے گئے بیان میں 17 سالہ ملزم نے فائرنگ کرنے کا اعتراف کیا اور کہا کہ میں نے کچھ لوگوں کو اس لیے زندہ چھوڑ دیا تاکہ وہ اس واقعہ کی کہانی سُنا سکیں۔

عینی شاہد نے بتایا کہ 17 سالہ ملزم ڈمٹریوس نے اپنی پستول کو کوٹ کے نیچے چھُپا رکھا تھا ، وہ آرٹ کلاس میں داخل ہوا اور ایک طالبعلم پر پستول رکھ کر کہا کہ میں تمہیں مار دوں گا۔ اس نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر کوئی بھی اپنی جگہ سے ہلا تو اسے بھی مار دیا جائے گا۔ ایک عینی شاہد کا نے بتایا کہ میں نے پچھلے دروازے سے بھاگنے کی کوشش کی تو مجھے محسوس ہوا کہ اس کا نشانہ میں ہوں ، اس نے گولی تو چلائی لیکن اس کا نشانہ خطا ہو گیا۔

لیکن ڈمٹریوس نے پھر سے نشانہ باندھا اور گولی میری ٹانگ پر لگی۔ وہ بہت خوفناک لمحہ تھا ، ایک لمحے کے لیے مجھے لگا کہ میں دوبارہ اپنی فیملی سے مل نہیں سکوں گی۔ ملزم خود کو بھی مارنا چاہتا تھا لیکن پولیس کو دیکھ کر اس کی ساری ہمت ٹوٹ گئی۔ وہ زمین پر گرا اور خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ یاد رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافے کے ہائی اسکول میں دو روز قبل اسکول کے ہی ایک طالبعلم نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس افسر بھی زخمی ہوا ، جبکہ فائرنگ کرنے والے 17 سالہ ملزم سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔