تازہ ترین ٹینس رینکنگ، رافیل نڈال نے دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، جوکووچ 4 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹونٹی سے باہر، سیمونا ہالپ ویمنز سنگلز میں بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان

پیر 21 مئی 2018 17:09

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) سٹار ہسپانوی کھلاڑی رافیل نڈال نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) کی تازہ ترین اے ٹی پی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، انہوں نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن کا ٹائٹل جیت کر ایک درجہ ترقی حاصل کر کے راجر فیڈرر کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیا، اٹلی کے فابیو فوگنینی دو درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے جبکہ نوویک جوکووچ 4 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹونٹی سے باہر ہو گئے، ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ بدستور ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں۔

آئی ٹی ایف نے تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے تحت مینز سنگلز میں نڈال دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر آ گئے، انہوں نے فیڈرر کو دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا، الیگزینڈر زیوریف تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، مرین کلچ نے ایک سیڑھی چڑھ کر گریگور دمترف کو پانچویں پوزیشن پر بھیج دیا، ڈیوڈ گوفن نے ایک درجہ اوپر چڑھ کر جان اسنر کی جگہ نویں پوزیشن سنبھال لی، ڈائیگو تین درجے ترقی کے ساتھ 12ویں نمبر پر آ گئے، ثام قیوری، روبرٹو باٹسٹا ایگٹ اور جیک ساک کی ایک، ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے، کائل ایڈمونڈ 2 درجے ترقی پا کر 17ویں، فابیو فوگنینی دو سیڑھیاں چڑھ کر 19ویں نمبر پر آ گئے، جوکووچ چار درجے تنزلی کے بعد 22ویں نمبر پر چلے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ویمنز سنگلز میں رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ بدستور سرفہرست ہیں، کیرولین وزنائیکی دوسرے، گربین مگوروزا تیسرے اور ایلینا سویٹولینا چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، جلینا اوسٹا پینکو ایک سیڑھی چڑھ کر پانچویں نمبر پر آ گئیں، کیرولینا پلسکووا تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلی گئیں۔

متعلقہ عنوان :