دوران زچگی حاملہ خواتین میں شرح اموات کو کم سے کم کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز

منگل 22 مئی 2018 15:01

فیصل آباد۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) محکمہ صحت نے ''محفوظ مامتا'' کے عنوان سے حاملہ خواتین کی دیکھ بھال کیلئے ہیلتھ ایجوکیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ انہیں دوران زچگی کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچانے سمیت زچگی کے دوران حاملہ خواتین میں بڑھتی ہوئی شرح اموات کو کم سے کم کرنے میں مدد مل سکے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایاکہ حمل کے دوران خواتین کو کم از کم 4 مرتبہ اپناطبی معائنہ کروانا چاہیے تاکہ انہیںخود اور پیدا ہونے والے بچے کی صحت سے متعلق مشکلات سے بچانا ممکن ہو سکے ۔

انہوں نے بتایاکہ یہ معائنہ پہلے ماہ ، پانچویں ماہ، آٹھویں ماہ اور نویں ماہ کروانا اشدضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ان ٹر ینڈ دائیوں یا دیگر ہیلتھ سٹاف کی بجائے گائناکالوجسٹ یا لیڈی ہیلتھ وزیٹر سے طبی معائنہ کروانا سود مند ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جو مائیں دوران حمل تشنج سے بچائو کے ٹیکے نہ لگواتی ہیں وہ جھٹکوں کی جان لیو ا بیماری کا بھی شکارہو سکتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حمل کے دوران عورتوں کو اضافی خوراک ، مناسب آرام، چوتھے مہینے سے لیکر بچے کی پیدائش کے 6 ماہ بعد تک روزانہ فولاد کی گولیاں کھانی چاہئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ لیموں پانی خون بنانے والی فولاد کی گولیوں کو جسم میں اچھی طرح جذ ب کرنے میں مدد دیتا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید معلومات ، رہنمائی یا مشاورت کیلئے بی ایچ یوز ، آر ایچ سیز ، تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں ، لیڈی ہیلتھ ورکرز سے بھی معاونت حاصل کی جا سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :