خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈینگی وائرس بارے اجلاس

منگل 7 مئی 2024 14:07

خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈینگی وائرس بارے اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) صوبائی وزرا ءصحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ٹیکنیکل ورکنگ گروپ برائے ڈینگی وائرس کا اجلاس منعقدہوا۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق اجلاس میں ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر یونس، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید، ڈاکٹر یداللہ، ڈاکٹر انجم اور ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے پروفیسر وسیم اکرم، قطب الدین کاکڑ اور ڈاکٹر محمد امجد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزرا ءصحت نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس کی موجودگی صورتحال اور تدارک کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور متعلقہ افسران نے صوبائی وزرا صحت کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اجلاس بلانے کا مقصد ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے ایکسپرٹس کی مفید تجاویز اور آرا حاصل کرنا ہے۔

اس وقت دنیا کے کئی ممالک ڈینگی وائرس کا شکار ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میاں شہباز شریف کی قیادت میں ڈینگی وائرس کے پھیلا پر بڑی حد تک قابو پا چکے تھے۔ ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھانا کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے فیلڈ سٹاف کو متحرک ہونا پڑے گا۔

ڈینگی کے سیزن سے پہلے ہی حکومت پنجاب بنیادی حکمت عملی بنا رہی ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ تمام ماہرین ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے اپنی تجاویز اور آرا مرتب کریں۔ ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تمام محکمہ جات کو محنت کرنی ہوگی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ فیلڈ میں بوگس کارکردگی پر ایکشن لیا جائے گا۔ لاروا کے تدارک کیلئے مثر اقدامات کرنے ہوں گے۔