ڈی پی او کوہاٹ کا مرکزی بازار سمیت شہر کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ

منگل 22 مئی 2018 18:17

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے افطاری سے کچھ دیر قبل مرکزی بازار سمیت شہر کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا ۔رمضان المبارک کے سلسلے میںسیکیورٹی اقدامات اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ شام افطاری سے قبل ضلعی پولیس سربراہ اچانک مرکزی بازار پہنچے جہاں انہوں نے کنگ گیٹ سے تحصیل گیٹ تک مرکزی بازار میں پولیس کی بیٹ نظام کا جائزہ لیا اور بازار میں ٹریفک پوائنٹس چیک کئے۔

دورے کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے بنوں بازار ،زرگراں بازار،صرافہ بازار،مصطفی بازار،تیراہ بازار اور فرید حسین شہید پولیس لائن کے اطراف میں واقع دیگر مقامات میں حفاظتی انتظامات اور ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ شہریوں اور دکانداروں سے بھی ملے اور ان سے ماہ رمضان المبارک کے دوران پولیس انتطامیہ کی طرف سے سیکیورٹی اور ٹریفک نظام میں فلاح عامہ کیلئے فراہم کردہ ریلیف سے متعلق دریافت کیا۔

بازار کے اچانک دورے کے موقع پر ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے متعلقہ ایس ایچ اوز اور ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس افسران واہلکاروں کو بازاروں میں روزہ افطار کرنے کی ہدایت کی تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔ضلعی پولیس سربراہ نے ٹریفک انچارج ،ٹکٹنگ آفیسرز اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ عصر کے بعد سے افطاری تک اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں گے اور انہیں مقامات پر افطاری کریں گے تاکہ ٹریفک کی روانی کسی رکاوٹ کے بغیربرقرار رہے ۔