حکمرانوں نے ملک و قوم کی بجائے ساری توجہ اپنی خوشحالی اور آسودگی پر مرکوز رکھی ‘ مسرت چیمہ

جمعرات 24 مئی 2018 14:12

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک و قوم کی بجائے ساری توجہ اپنی خوشحالی اور آسودگی پرمرکوز رکھی ،آئندہ حکومت بنانے کے خواب دیکھنے والے پہلے قومی دولت کی لوٹ مار کا حساب دینے کی تیاری کریں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این ای127کے مرکزی دفترمیں خواتین ورکرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

مسرت چیمہ نے کہا کہ حکمران عوام سے ماچس کی ڈبی اور سوئی پر بھی ٹیکس وصول کر رہے ہیں لیکن اس کے بدلے میں انہیں زندگی کی کوئی بھی بنیادی سہولت میسر نہیں ۔ حکمرانوں کیلئے تو پینے کا پانی بھی بیرون ملک سے آتاہے جبکہ عوام سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کے ووٹوں سے حکومت میں آنے کے بعد سب سے پہلے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،تعلیم اور صحت کے منصوبوں کو اولین ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے اوراس کیلئے ہوم ورک بھی مکمل کرلیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کے دورمیں ٹیکسوں کی صورت میں جمع ہونے والی قومی آمدن چور راستوں سے ہوتی ہوئی حکمرانوں کی جیبوں تک جا پہنچتی ہے جس سے یہ عیاشیاں کرتے ہیں ،انشا اللہ یہ چور راستے بھی بند کریں گے اور ان کا رخ عوام کی جانب موڑیں گے جس سے پسے ہوئے طبقات کی زندگیوںمیں خوشحالی آئے گی۔