سپریم کورٹ میں اصغرخان عملدرآمد، نندی پور پلانٹ کرپشن اور تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق اہم مقدمات کی سماعت 31 مئی کو ہو گی

جمعہ 25 مئی 2018 22:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) سپریم کورٹ میں اصغرخان عملدرآمد، نندی پور پلانٹ کرپشن اور تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق اہم مقدمات کی سماعت 31 مئی کو ہو گی۔ چیف جسٹس میاںثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں جو 31 مئی کو اصغرخان عملدرآمد کیس کی سماعت کریں گے۔

عدالت نے اس مقدمے میں ایف آئی اے اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ سرکاری بھرتیوں پر پابندی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کیس بھی اسی روز سنا جائے گا، اس مقدمے میں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ نندی پور پاور پلانٹ آو ٹ سورس کرنے میں کرپشن کیخلاف آئینی پٹیشن پر سماعت بھی 31 مئی کو ہو گی، فرزند علی نامی شخص کی درخواست پر چیئرمین واپڈا، سیکرٹری توانائی اوراٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے، غیر متعلقہ افراد کو سیکورٹی فراہم کرنے اور سرکاری افسران کے لگژ ری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق مقدمات بھی اسی روز سنے جائیں گے، عدالت عظمیٰ نے ان مقدمات میں اٹارنی جنرل و دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔