ضلع گجرات کے پانچوں مراکز خریداری گندم پر ابتک 11464میٹرک ٹن گندم خریدی جاچکی ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 25 مئی 2018 23:20

لالہ موسیٰ۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء)ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ ضلع گجرات کے پانچوں مراکز خریداری گندم پر ابتک 11464میٹرک ٹن گندم خریدی جاچکی ہے، خریداری کا یہ سلسلہ جاری ہے اور ضلع گجرات کے لئے مقررہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا، ان خیا لات کا اظہار انہوںنے سیکرٹری فارسٹ پنجا ب ہارون رفیق کو مرکز خریداری گندم گجرات کے دورہ کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع گجرات میں پانچ مراکز خریداری منگوال، ڈنگہ، گجرات، لالہ موسیٰ اور جلالپور جٹاں میں ابتک کسانوں کو مجموعی طور پر 100کلو گرام پیکنگ کا29147بوری باردانہ جبکہ 50کلو گرام پیکنگ کا 285130باردانہ جاری کیا جاچکا ہے، باردانہ کے اجراء کے حوالے سے گرداروی لسٹیں پہلے ہی آویزاں کی جاچکی تھیں جبکہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر باردانہ کے اجراء اور گند م کی ان لوڈ نگ کی جاتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضلع میں گندم کو محفوظ طریقے سے سٹور کرنے کے مناسب انتظامات موجود ہیں ، اس حوالے سے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سیکرٹری فارسٹ نے گندم خریداری مہم کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ گجرات کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔