سپر کبڈی لیگ کے کھلاڑی معاوضوں سے محروم

کھلاڑیوں سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں ،ْ رقم جلد ٹرانسفر کردی جائے گی ،ْ منتظمین کی یقین دہانی

ہفتہ 26 مئی 2018 12:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) پاکستان کی پہلی کبڈی لیگ سپر کبڈی لیگ کو گزرے 2 ہفتے ہو گئے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو معاوضہ نہ مل سکا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے مقابلے رواں ماہ 2 سے 10 مئی تک لاہور کے نشتر میڈیکل کمپلیکس میں منعقد ہوئے جس میں پاکستان سمیت سری لنکا، عراق، ایران، ملائیشیا، جاپان، کینیا اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

9 روز تک منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے فائنل میں گجرات واریئرز نے فیصل آباد شیردل کو شکست دے کر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا ،ْلیگ کو ختم ہوئے 2 ہفتے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے تاہم ابھی تک کھلاڑیوں کو معاہدے کے تحت رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔کھلاڑیوں نے شکوہ کیا کہ منتظمین نے پیسوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہوا ہے مگر اب تک پیسے نہیں ملے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سپر کبڈی لیگ میں گولڈ کٹیگری کیلئے 75ہزار روپے جبکہ پلاٹینم کیٹیگری کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔دوسری جانب منتظمین نے کھلاڑیوں کو جلد رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں اور رقم جلد ٹرانسفر کردی جائے گی۔لیگ کے منتظمین نے کہا کہ ہم یقین کرنا چاہتے کہ پیسے کھلاڑیوں تک پہنچیں، اسی لیے کھلاڑیوں کے تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی ہیں۔