پاکستان کو بڑا دھچکا، بابراعظم فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف رواں ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے

ہفتہ 26 مئی 2018 16:02

لارڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) سٹار پاکستانی بلے باز بابراعظم فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف رواں ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے، بابر انگلینڈ کے خلاف جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کے دوران کلائی کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز بابراعظم عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے تھے کہ 68 کے سکور پر بین سٹوکس کا زوردار بائونسر لگنے سے کلائی کی انجری کا شکار ہو گئے جس کی وجہ سے انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا اور وہ دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہیں آ سکے تھے۔

پاکستانی فزیو تھراپسٹ کلف ڈیکن کے مطابق ایکس رے رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ بابر اعظم کی کلائی میں فریکچر ہوا ہے اور انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں چار یا پانچ ہفتے لگیں گے اسلئے وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ سکواڈ میں پہلے ہی فخر زمان، عثمان صلاح الدین اور سمیع اسلم شامل ہیں۔