ْ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کی زیر صدارت ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس منعقد

ہفتہ 26 مئی 2018 23:46

فیصل آباد ۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کااجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کی صدارت میں منعقد ہواجس پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد شفیع نے کسانوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ڈاکٹر محمد آصف،زراعت،لائیوسٹاک،فشریزاوردیگر محکموں کے علاوہ کاشتکاروں کے نمائندے میاں ریحان الحق،چوہدری نذیر احمد بھی موجود تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں ای کریڈٹ سکیم کے ذریعے رواں فصل کے لئے 5723کسانوں میں 33کروڑ 36لاکھ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک زرعی زمینوں کے تجزیہ کے لئے 42ہزار574سمپلز حاصل کرکے 36ہزار 200لیبارٹری کو ارسال کردئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ کے لئے 45ہزار 918کاشتکاروں کا ڈیٹا جمع کر لیا گیا ہے جن میں سے 26ہزار960کاریکارڈ کمپوٹرائزڈ ہوچکا ہے ۔

انہوں نے جعلی وملاوٹی زرعی ادویات اور کھادوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے اصلاح آبپاشی پروگرام پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹنل فارمنگ،ڈرپ اریگیشن،اصلاح کھالہ جات کے ذریعے کسانوں کی فلاح وبہبود اور فصلوں کی بہترپیداوارکے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوںنے بتایا کہ کاشتکاروں میں رعایتی نرخوں پر اب تک 575لیزر لینڈ لیولرز تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے جعلی کھادیں اور ملاوٹی کیڑے مار ادویات فروخت کرنے والوں کو قانون کے سخت شکنجے میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ نہری پانی چوروں کے خلاف بھی قانون کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹرز پر کاشتکاروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی،قرضہ کے حصول کے لئے کسانوں کی درخواستیں جلد نمٹانے اورکسان پیکج کے ثمرات صحیح معنوں میں کاشتکاروں تک پہنچانے کے لئے اقدامات جاری رکھنے کی تاکیدکی۔

متعلقہ عنوان :