غربت ،مہنگائی کیوجہ سے بے حال عوام (ن) ،پی پی کو دوبارہ نہیں آزمائیں گے‘ مسرت چیمہ

شہباز سپیڈ کی اصطلاح کو عوام کی خوشحالی کی بجائے اپنی تسکین کے منصوبوں کیلئے استعمال کیا گیا‘ ممبر ایگزیکٹو کونسل

اتوار 27 مئی 2018 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ غربت اور مہنگائی کیوجہ سے بے حال عوام (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو دوبارہ نہیں آزمائیں گے،انتخابی میدان میں مقابلہ نہ کر سکنے والے منفی پراپیگنڈا کر رہے ہیں جسے عوام نے مسترد کردیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے دفتر میں اہل علاقہ اور خواتین کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں اور جن منصوبوں کا پہلے افتتاح ہو چکا ہے ان کے دوبارہ فیتے کاٹے جارہے ہیں اور اس کی آڑ میں در حقیقت سرکاری اخراجات پر ’’ناکام لیگ ‘‘کی انتخابی مہم چلا ئی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

شہباز سپیڈ کی اصطلاح کو عوام کی خوشحالی کیلئے استعمال میںنہیں لایا گیا بلکہ صرف اپنی تسکین کے منصوبے مکمل کئے گئے جس کے عام آدمی کی زندگی پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوئے ۔

غربت اور مہنگائی کی وجہ سے بے حال عوام مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کو دوبارہ نہیں آزمائیں گے بلکہ انہیں اپنے ووٹ کی طاقت سے نشان عبرت بنا دیں گے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی متحد ہے اور انشا اللہ بھرپور کامیابی حاصل کرکے عوام کی زندگی میں خوشحالی لانے کے ایجنڈے پر بلا تاخیر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔