پاکستان اورافغانستان کے درمیان سڑکوں اورریل نیٹ ورکس کی تعمیر پر توجہ مرکوزکرنے کی ضرورت ہے ،ْسرتاج عزیز

علاقائی رابطوں میں بہتری سے خطے میں ترقی اوربرھوتری کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں ،ْافغان وفد سے بات چیت

اتوار 27 مئی 2018 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیزنے کہا ہے کہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان سڑکوں اورریل نیٹ ورکس کی تعمیر پر توجہ مرکوزکرنے کی ضرورت ہے۔ وہ افغانستان کے صدر کے مشیربرائے بنیادی ڈھانچہ وٹیکنالوجی ڈاکٹرہمایوں قیومی کی قیادت میں افغان وفد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے افغان وفد سے گفتگو میں سرتاج عزیز نے کہاکہ علاقائی رابطوں میں بہتری سے خطے میں ترقی اوربرھوتری کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان کومختلف شعبوں میں بامعنی تعاون دینے کیلئے تیارہے تاہم انہوں نے اس بات پرزوردیاکہ باہمی تجارتی تعلقات کووسعت دینے اوردوطرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے رابطوں کومربوط بنانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں فریقوں نے اقتصادی تعاون، تجارت، توانائی اوررابطوں کو فروغ دینے سے متعلق معاملات کاجائزہ لیا۔سرتاج عزیز نے کہاکہ افغان عوام کئی عشروں سے جنگ کی وجہ سے متاثررہے ہیں اور اقتصادی وسماجی شعبوں کی تیزترترقی ان کا حق ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے ذیلی گروپوں کے درمیان ملاقاتوں کو باضابطہ اورباقاعدہ بنیادوں پرمنعقد کرانے پر اتفاق ظاہرکیاگیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اقتصادی تعاون گروپ کا اجلاس رواں سال ستمبر میں منعقد ہوگا اورذیلی ورکنگ گروپ اس اجلاس کیلئے امور اورایجنڈاکو حتمی شکل دیں گے۔