ہزارہ یونیورسٹی کی سینیٹ کا 13 واں اجلاس، یونیورسٹی کیلئے 2018-19ء کے بجٹ کی منظوری دی گئی

پیر 28 مئی 2018 20:12

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی سینیٹ کا 13 واں اجلاس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی زیر صدارت گورنر ہائوس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کیلئے مالی سال2017-18ء کے نظرثانی شدہ بجٹ اور سال2018-19ء کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر منیر اعظم، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور سینٹ کے دیگر متعلقہ اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی و تخلیقی پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹیوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے معیاری تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے اقوام کی معاشی زندگی سنوارنے اور نت نئی ایجادات متعارف کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔