ایران، سیکورٹی فورسز کا مشہور اداکار کے جنازے پر ہلہ، عوام کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال

پیر 28 مئی 2018 20:47

ایران، سیکورٹی فورسز کا مشہور اداکار کے جنازے پر ہلہ، عوام کو منتشر ..
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) ایرانی دارالحکومت تہران میں سیکورٹی فورسز نے مشہور اداکار ناصر ملک مطیعی کے جنازے پر ہلہ بول دیا، عوام کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں سکیورٹی فورسز نے مشہور اداکار اور ہدایت کار ناصر ملک مطیعی کے جنازے کے مجمع پر اس وقت حملہ کر دیا جب وہ ایرانی نظام کے خلاف ایک مظاہرے میں تبدیل ہو گیا۔

اس دوران عوام نے رہبر اعلی علی خامنہ ای کے خلاف نعرے بازی کی اور انہیں "آمر" قرار دیا۔سوشل میڈیا پر زیر گردش وڈیو کلپوں میں نظر آ رہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف ضرورت سے زیادہ تشدد کا راستہ اپنایا جنہوں نے "آمر مردہ باد" اور "ریڈیو اینڈ ٹی وی کارپوریشن نگ و عار" کے نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایرانی نظام نے 1979 کے انقلاب کے بعد سے معروف اداکار ملک مطیعی پر پابندی عائد کر دی تھی جو شاہ ایران کے دور میں اپنی فلموں کے باعث مشہور تھے۔

ملک مطیعی کو ایرانی دارالحکومت کے "بہشت زہرا" قبرستان میں فن کاروں کے حصے میں دفن کیا گیا۔سکیورٹی فورسز نے جنازے کے قافلے پر دھاوا بول کر عوام کو منتشر کرنے کے واسطے آنسو گیس کے گولے استعمال کیے۔ وڈیو کلپوں میں مظاہرین سکیورٹی فورسز کے خلاف نعرے بازی کرتے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ موٹر سائیکلوں پر سوار سکیورٹی اہل کار کئی نوجوانوں پر لاٹھی چارج کرنے اور ان کو منتشر کرنے کے لیے تعاقب کرتے نظر آ رہے ہیں۔

ناصر ملک مطیعی ایرانی سینما کے نامور ترین اداکاروں اور ہدایت کاروں میں سے تھے۔ وہ گزشتہ 40 برسوں سے کڑی نگرانی اور پابندی کے سبب اپنے فنی عمل سے محروم رہے۔مطیعی طویل عرصے بیمار رہنے کے بعد 25 مئی بروز جمعہ 88 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔ مطیعی نے 100 کے قریب فلموں اور سیکڑوں اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔پابندی عائد کیے جانے کے بعد مطیعی نے فن کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر کے روزگار کے دیگر ذرائع کو اختیار کیا۔