قومی اسمبلی نے 15 رمضان المبارک کو یوم یتامیٰ کے طور پر منانے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی

منگل 29 مئی 2018 18:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) قومی اسمبلی نے 15 رمضان المبارک کو یوم یتامیٰ کے طور پر منانے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن )کے رکن ملک ابرار احمد نے ایوان میں قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان متفقہ طور پر حکومت پاکستان سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ 15 رمضان المبارک کو یوم یتامیٰ کے طور پر منانے کا اعلان کرے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 42 لاکھ بچے یتیم ہیں اور یونیسف کے ایک سروے کے مطابق ہر30 سیکنڈ بعد دو بچے یتیم ہو رہے ہیں۔ دہشتگردی‘ قدرتی آفات‘ مہلک بیماریوں اور دیگر واقعات کی وجہ سے پاکستان میں یتیم بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ او آئی سی نے ہر سال 15 رمضان المبارک عالمی یوم یتامیٰ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے‘ میڈیا ‘ سول سوسائٹی سمیت دیگر ادارے معاشرے میں یتیموں کے مقام کے بارے میں آگاہی مہم چلائیں۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ان یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزارت تعلیم کے زیر انتظام ملک بھرکے سکولوں اور تعلیمی اداروں میں فن‘ شاعری اور تقریری مقابلہ جات منعقد کرائیں جائیں۔ 15 رمضان کو سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر یہ دن منایا جائے۔ ایوان نے متفقہ طور پر قرارداکی منظوری دے دی۔