نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دوسرے یونٹ نے بھی آزمائشی بنیاد پر بجلی کی پیداوار شروع کر دی

منصوبے کے یونٹ نمبر2کو کامیابی کے ساتھ قومی نظام سے منسلک کر دیا گیا، آج 185 میگاواٹ تک بجلی پیدا کی یونٹ نمبر 2 کو بتدریج اِس کی پوری پیداواری صلاحیت یعنی 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ تک لے جایا جائے گا نیلم جہلم پراجیکٹ قومی نظام کو 9 کروڑ یونٹ بجلی فراہم کر چکا ہے ، بجلی کی یہ مقدار ایک ارب روپے کے مساوی ہے

بدھ 30 مئی 2018 20:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے یونٹ نمبر2 نے بھی مکینیکل ٹیسٹ رن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے جس کے بعد اِس یونٹ کو آج قومی نظام کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے ۔ مذکورہ یونٹ نے آزمائشی طور پر بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے۔ ٹیسٹ رن کے دوران آج اِس یونٹ نے 185 میگاواٹ تک بجلی پیدا کی ۔

اِس یونٹ کو بتدریج پوری پیداواری صلاحیت یعنی 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ تک لے جایا جائے گا ۔کنٹریکٹ کے قواعد و ضوابط کی رو سے یونٹ نمبر2 کو بھی کمرشل آپریشن سے پہلے ریلائی ایبلٹی ٹیسٹ اور ریلائی ایبلٹی پیریڈ کے مراحل سے گزارا جائے گا ۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 18 مئی سے نیلم جہلم پراجیکٹ کا یونٹ نمبر3 اپنے 30 روزہ ریلائی ایبلٹی پیریڈ سے گزر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اور قومی نظام کو اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ بجلی فراہم کررہاہے ۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے اب تک قومی نظام کوتقریباً 9 کروڑ یونٹ بجلی مہیا کی جاچکی ہے ۔بجلی کی یہ مقدار تقریباً ایک ارب روپے آمدنی کے مساوی ہے۔ نیلم جہلم پراجیکٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969 میگاواٹ ہے ۔ اِس کے 4 پیداواری یونٹ ہیں، جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ ہے ۔ پراجیکٹ کے چاروں یونٹ اِس سال جولائی تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے

متعلقہ عنوان :