پبلک سروس گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کر نے کیلئے اقدامات کئے جائیں ،آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری

بدھ 30 مئی 2018 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ پبلک سروس گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کر نے کیلئے اقدامات کئے جائیں ،ٹریفک پولیس کے اہلکار شہریوں سے حسن اخلاق اور مہذب طریقے سے پیش آئیںاور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا جائے ۔

گزشتہ روز انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹرسلطان اعظم تیموری کی زیر صدارت پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ٹریفک پولیس کیلئے دربار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید،ایس پی ٹریفک چوہدری خالد رشید سمیت افسران و جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

آئی جی پی اسلام آباد نے افسران و جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ آئی ٹی پی کے افسران و جوان پبلک سروس گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کریں اورشہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، آئی ٹی پی کے افسران و جوان دوران ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ حسن اخلاق اورمہذب طریقے سے پیش آئیں،پہلے سلام پھر کلام اور پھر چالان کی پالیسی کو اپنائیں، ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے اور وی آئی پی کلچر کا مکمل خاتمہ کیا جائے ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم نے روڈ کے اوپر ڈسپلن کو برقرار رکھنا ہے اوراس پلیٹ فارم سے اسلام آباد کی شاہراہوں کو حادثات سے پاک کرنا ہے ہم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر کام کرنا ہے روڈ سیفٹی اورٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی پروگرام کو مزید بہتر سے بہتر بنانا ہے ہم نے قانون پر عمل در آمد کروانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی خدمت کرنی ہے روڈ پر زیادہ سے زیادہ مدد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ،اس موقع پر آئی جی پی اسلام آباد نے افسران و جوانوں کے ذاتی اور محکمانہ مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

۔۔۔

متعلقہ عنوان :