مفتی کفایت الله رمضان المبارک میں مختلف افطار پروگراموں اور ختم قرآن کانفرنسوں سے خطاب کریں گے

جمعرات 31 مئی 2018 21:47

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی کفایت الله رمضان المبارک میں ضلع مانسہرہ کے علاقہ جات پکھل اور تناول میں مختلف مقامات پر افطار پروگراموں اور ختم قرآن کانفرنسوں سے خطاب کریں گے۔ اس امر کا اعلان متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علماء اسلام ضلع مانسہرہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت الله رابطہ عوام مہم کے سلسلہ میں افطار پروگراموں اور ختم قرآن کے مواقع پر منعقدہ فضائل قرآن کانفرنسوں اور دیگر اجتماعات سے خطاب کرنے کا پروگرام ترتیب دیدیا گیا ہے جس کیلئے باقاعدہ شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطاق مفتی کفایت الله طے شدہ شیڈول کے مطابق مراد پور، شوکت آباد، موہاڑ، شیر پور، بھیرکنڈ، بحالی، شنئی، خاکی، کریڑ، نوکوٹ، کھواڑی، پوٹھا، ترنگڑی، گلی باغ ، ملک پور، پڑھنہ ، اور دیگر مقامات پر منعقد ہونے والے اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کارکنوں پر زور دیا گیا ہے کہ مرکز کی ہدایت پر رمضان المبارک میں اپنی عبادات اور معمولات کے ساتھ ساتھ رائے عامہ کو منظم کرنے اور عوامی شعور کی بیداری میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں جبکہ عید کے بعد بھرپور انتخابی مہم کیلئے عوامی رابطہ مہم کے پروگرام ترتیب دے دیئے گئے ہیں جس سے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 25 جولائی کو پوری قوم کے امتحان کا دن ہے، ووٹر کو نہ صرف اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنا ہے بلکہ شعور کے ارفع ہونے کا بھی ثبوت ہے۔