الخدمت اسپتال کراچی نے سیٹلائٹ فارمیسی سروسز کا افتتاح کر دیا

جمعرات 31 مئی 2018 21:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) الخدمت اسپتال کراچی نے سیٹلائٹ فارمیسی سروسز کا افتتاح کر دیا گیا ہے جہاں پر 24گھنٹے تربیت یافتہ فارماسسٹس موجود ہوں گے تاکہ مریضوں کو دوائوں کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے اور ان امکانات کو کم کیا جائے جن کے نتیجے میں غلط دا یا انجکشن لگنے سے مریض جاں بحق ہوجاتے ہیں ۔اس موقع پر الخدمت اسپتال ناظم آباد اور ایک نجی ادارے فارم اسسٹ کے درمیان مفاہتہ یاد داشت پر بھی دستخط کیے گئے ، جس کے ذریعے نجی ادارہ دوائوں کے نتیجے میں ہونے والی زہر خورانی کے بعد اسپتال کو اپنی خدمات مہیا کرے گا تاکہ ایسے مریضوں کی جان بچائی جا سکے یا ان کے اعضاء کو ناکارہ ہونے سے بچایا جا سکے ، الخدمت سیٹیلائیٹ فارمیسی سروسز کا افتتاح الخدمت کراچی کے صدر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کیا ، اس موقع پر معروف ماہر امراض اطفال اور اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر اظہر چغتائی ، الخدمت فارمیسی سروسز کے سربراہ ڈاکٹر زاد علی ہاشمی، الخدمت کراچی کے قائم مقام سربراہ راشد قریشی ، ڈاکٹر نصرت اقبال اور سید جمشید احمد موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سیٹیلائیٹ فارمیسی سروسز کا افتتاح کراچی کے شہریوں کے لیے ایک انقلابی قدم ہے اور جلد ہی الخدمت اسپتال میں جدید ترین تشخیصی سہولیات بھی سستے داموں مہیا کی جائیں گی ، ان کا کہنا تھا کہ الخدمت اسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنایا جا رہا ہے جس کے لیے دنیا بھر سے درد مند اور ہمدرد ماہرین طب کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ جدید االات اور وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کی جا سکے ۔

ڈاکٹر اظہر چغتائی نے کہا کہ ان ہائوس سیٹیلائیٹ فارمیسی سروسز کے نتیجے میں بے شمار ایسے غلطیوں سے بچا جا سکے گا جو کہ دنیا بھرمیں مریضوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوتی ہیں اور اس کے نتیجے میں ناصرف انسانی جانوں کو بچایا جا سکے گا بلکہ کئی ممکنہ حادثات کی روک تھام بھی ہو سکے گی ۔ڈاکٹر زاد علی ہاشمی نے کہا کہ دوائوں کے غلط استعمال سے دنیا بھر میں نا صرف لوگوں کے جگر اور گردے ناکارہ ہوجاتے ہیں بلکہ کئی لوگ کومہ میں چلے جاتے ہیں اور بیشتر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں ، سیٹیلائیٹ فارمیسی سروسز نا صرف ایسی غلطیوں کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگی بلکہ اس سے مریضوں میں جلد صحتیابی کی شرح بھی بڑھ جائے گی۔