صدر مملکت ممنون حسین نی15 ویں روزے کی افطاری یتیم بچوں کے ہمراہ کی

ملک بھر سے یتیم بچوں کو ایوان صدر مدعو کیا گیا

جمعرات 31 مئی 2018 23:40

صدر مملکت ممنون حسین نی15 ویں روزے کی افطاری یتیم بچوں کے ہمراہ کی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نی15 ویں روزے کی افطاری یتیم بچوں کے ہمراہ کی۔ اس سلسلے میں ملک بھر سے یتیم بچوں کو ایوان صدر میں مدعو کیا گیا تھا۔ صدر مملکت بچوں میں گھل مل گئے اور انہیں پیار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے پاکستانی معاشرہ اور حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردارادا کرسکیں۔

ایوان صدر میں یتیم بچوں کے اعزاز میں دیئے گئے اس افطار عشائیے میں ترک کوآپریشن اینڈکوآرڈینیشن ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر مہمت ایمرے اور پاکستان آرفن کیئر فورم کے چیئرمین میاں عبدالشکور نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارلیمنٹ نے اسلامی دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی 15رمضان المبارک کو یتیم بچوں کے دن کے طور پر منانے کا انتہائی مناسب فیصلہ کیا ہے جس پر ہماری پارلیمنٹ اور اس مقصد کیلئے کام کرنے والے تمام ادارے اور افراد مبارک باد کے مستحق ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد یہ ہے کہ قومی سطح پر اس عہدکی تجدید کی جائے اور افرادِ معاشرہ کو یاد دہانی کرائی جائے کہ یتیم بچے قوم کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہیں جن سے ہماری بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں۔ یہ بچے ہمیں اس لیے بھی عزیز ہیں کہ ہماری اولاد ہونے کے ناطے یہ ہمارے وجود کا حصہ اور عزیز از جان ہیں، اس لیے ان کی ضرورت قوم کی ضرورت اور ان کی ترقی قوم کی ترقی کے ہم معنی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یتیم بچے بھی معاشرے کے ہر فرد کی طرح اہم اور ناگزیر ہوتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کا حصول اور ترقی کی منازل طے کرنے کا حق انہیں بھی اسی طرح حاصل ہے جس طرح سب بچوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ ایسے بہت سے افراد جنہوں نے دنیا میں بڑے بڑے کارنامے سر انجام دیئے، وہ بچپن ہی میں سایہ پدری سے محروم ہوگئے تھے مگر اپنی لگن اورمحنت کے بل بوتے پر انہوں نے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ گرامی اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ انہوں نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم جدوجہد اور دیگر کامیاب لوگوں کی زندگی سے سبق حاصل کر کے نئی دنیا ئیں تلاش کریں اور انسانیت کی ترقی وخوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ پرٴْ اعتماد رہیں، خود کوکبھی کسی سے کم نہ سمجھیں، علم کے حصول پر پوری توجہ دیں اور اپنے اندر اچھے اوصاف پیدا کر کے اللہ کی رضا مندی کے حق دار بن جائیں جس سے آپ کو دنیا میں اعلیٰ مقام خود بخود مل جائے گا۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ بچے اپنی محنت ،اچھے کردار ، خلوص نیت اور ایمان داری سے ملک و قوم کی خدمت کرکے ضرور بلند مرتبہ و مقام حاصل کریں گے۔