پیر ہاؤس بری امام سرکارؒ میں ماہانہ گیارھویں شریف کی محفل

روزے کے اصل مقصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ سجادہ نشین بری امام سرکارؒ

جمعہ 1 جون 2018 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) پیر ہاؤس بری امام سرکارؒ پر گذشتہ روز ماہانہ محفل گیارھویں شریف کا انعقا د کیا گیا۔ محفل کا آغاز زیر سرپرستی سجادہ نشین دربار بری امام سرکارؒ و سجادہ نشین رتے ہوتر شریف پیر سید محمد علی گیلانی ہوا جس میں پیر ہاؤس بری امام سرکارؒ کے درباری ثناء خواں حضرات نے حضور غوث پاکؒؑؑؑرحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ اقدس میں اپنا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

محفل کی صدارت جانشین دربار عالیہ رتے ہوتر شریف و بری امام سرکارؒ پیر سید حیدر علی گیلانی نے کی۔ اپنے بیان میں پیر صاحب نے رمضان اور گیارھویں شریف کے اصل مقصد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ رمضان شریف کا اصل مقصد غرباء، مساکین اور جو لوگ استطاعت نہیں رکھتے ، ان کی بھوک کو سمجھنا اور اللہ رب العزت کی نعمتوں پر شکرادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے رمضان میں رمضان دسترخوان لگانے پر زور دیا اور کہا کہ دسترخوان سجھانے والے خود غرباء اور مساکین کے ساتھ بیٹھ کر روزہ افطار کریں ، یہی روزہ کی اصل اور دین اللہ کی اساس ہے۔

گیارھویں شریف پر بیان میں آپ نے کہا کہ چاند کی گیارہ تاریخ سے منسوب اس محفل کا مقصد دسترخوان سجھانا اور غرباء و مساکین کے لیے کھانے کا بندوبست کرنا ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ جب حضور غوث پاک ؒسے پوچھا گیا کہ آپ نے دنیا جہان کی نیکیوں میں سے بہترین نیکی کس کو پایا تو آپؒ نے فرمایا کہ میں نے دنیا جہاں کی نیکیوں اور اعمال کو الٹا پلٹا کر دیکھا مگر مخلوق خدا کو کھانا کھلانے سے بہترین عمل کہیں نہیں پایا۔

اس کی وجہ دریافت کرنے پر آپ ؒنے بتایا کہ لوگوں میں رزق بانٹنا وصف خداوندی ہے تو جو شخص کسی دوسرے انسان کی بھوک مٹانے کا اہتمام کرے گا وہ سنت اللہ پر کاربند ہو گا۔ ہمارے دین کی اساس بھی یہی ہے کہ انسانیت کا درد رکھا جائے اور جس قدر اللہ رب العزت نے توفیق دی ہے اس کے مطابق بھلائی کا عمل کیا جائے۔ اختتامی دعا میںاللہ رب العزت کی بارگاہ میں ملکی سلامتی اور ہدایت کے لیے دعا کی گئی۔ وقار)

متعلقہ عنوان :