متحدہ عرب امارات، سکول بس کے ڈرائیور کو انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا مہنگا پڑ گیا

ڈرائیور گرفتار کر لیا گیا واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 2 جون 2018 13:12

متحدہ عرب امارات، سکول بس کے ڈرائیور کو انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ..
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 2جُون 2018ء) ابو ظہبی پولیس نے ایک سکول بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جس کی مجرمانہ غفلت کے باعث ایک بچے اور دُوسری بس کے سپُروائزر کی جان خطرے میں پڑ گئی تھی۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک سکول کی بس بچے کو اُس کے گھر پر اُتار رہی تھی۔ اسی دوران ایک دُوسری بس وہاں سے گُزری جس کے ڈرائیور نے پہلے موجود بس کی جانب سے رُکنے کے اشارہ کو نظر انداز کر کے بس کو چلاتا رہا۔

بچہ اور بس کی سُپروائزر‘ بس سے اُتر کر سڑک کی دُوسری جانب گھر کے دروازے کی طرف بڑھ رہے تھے کہ دُوسری بس اُن کے انتہائی قریب سے گزری۔ سُپروائزر نے ممکنہ حادثے کو بھانپتے ہوئے عین اُسی لمحے خود کوا ور بچے کو پیچھے کی جانب ہٹا لیا۔اگر اُن کا ایک قدم بھی آگے بڑھ گیا ہوتا تو وہ ایک خوفناک حادثے کا شکار بن کر اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہوتے۔

(جاری ہے)

بچے کے والدین کی جانب سے رپورٹ درج کروانے پر ابو ظہبی پولیس نے اوورٹیک کرنے والی بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا اور بس بھی قبضہ میں لے لی گئی۔ رپورٹ درج کرواتے وقت بچے کے والدین کی جانب سے ڈرائیور کی مجرمانہ غفلت کے ثبوت کے طور پر ایک ویڈیو بھی پیش کی گئی جو گھر کے باہر نصب سیکیورٹی کیمرہ میں محفوظ ہو گئی تھی۔ ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے کیسز میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی جن میں ڈرائیورز کی لاپرواہی یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث سکول کے بچوں یا عام افراد کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں۔

ابو ظہبی پولیس کی جانب سے سکول بس ڈرائیوز کے غیر پیشہ وارانہ اور لاپرواہی سے بھرے رویئے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈرائیورز کو سکول کے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے بہت محتاط اور حساس ہونا چاہیے اور دُوسروں کی حفاظت کو بھی یقینی بنانا چاہیے۔ مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے اور اس پر عوام کی جانب سے شدید غم و غصّہ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اماراتی عوام نے حکام سے درخواست کی ہے کہ دُوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے بس ڈرائیورز کو کڑی سزا سُنانی چاہیے اور اُن کے ڈرائیونگ لائسنس پر تاحیات پابندی لگا دینی چاہیے تاکہ اس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو عبرت حاصل ہو اور ٹریفک حادثات کا سدباب کیا جا سکے۔