وفاق جمہوری عمل کے مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا ،سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی

ہفتہ 2 جون 2018 13:54

وفاق جمہوری عمل کے مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا ،سابق چیئرمین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق جمہوری عمل کے مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا ، عدلیہ انتخابی معاملات سے متعلقہ کیسز میں چیف جسٹس کے بیان کو مد نظر رکھے ۔ انتخابات بروقت نہ ہوئے تو صدر مملکت کے انتخابات کا شیڈول بھی متاثر ہوگا، وفاق جمہوری عمل کے مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بروقت انعقاد میں ناکامی وفاق کیلئے نقصان دہ ہوگی ۔ انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی مدت ستمبر کے پہلے ہفتے میں پوری ہو رہی ہے ، اگر انتخابات بروقت نہ ہوئے تو صدر کے انتخابات کا شیڈول بھی متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف سینیٹ ہی منتخب نمائندوں کا ایوان ہے ، اس لحاظ سے ایوان بالآ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، سینیٹ کا اجلاس فوری طلب کیا جائے جو 25جولائی تک جاری رہے۔ سینیٹ اجلاس میں ملک میں عام انتخابات کے بروقت اور شفاف انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔