گیارہ ماہ کے دوران وفاق اور اس کے اداروں نے ترقیاتی منصوبوں پر 741 ارب روپے خرچ کیے

ہفتہ 2 جون 2018 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) رواں مالی سال جولائی2017 سے مئی2018 تک کے گیارہ ماہ کے دوران وفاق اور اس کے اداروں نے ترقیاتی منصوبوں پر 741 ارب روپے خرچ کیے۔ نجی ٹی وی نے وزارت منصوبہ بندی کی جاری کردہ دستاویز کے حوالے سے بتایا کہ جولائی تا مئی وفاقی وزارتوں کو 182 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ جاری ہوئے۔ وزارت پانی کے لیے 32 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ جاری ہوا، واپڈا نے بھی 43 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر لگائے۔

دستاویز کے مطابق ہائر ایجوکیشن کیلیے 25 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری ہوئے۔

(جاری ہے)

ریلوے کے لیے 19 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز، پینیکا صاف پانی کے لیے صرف 87 کروڑ کی رقم جاری ہوسکی جبکہ منصوبے کی لاگت 12.5 ارب روپے ہے۔توانائی سب کیلئے منصوبے کو 11 ارب روپے ملے اور اس منصوبہ کی لاگت بھی 12.5 ارب روپے ہے۔ نیشنل ہائی وے نے ترقیاتی کاموں پر 300 ارب روپے خرچ کیے ،ْ آزاد جموں کشمیر کے لیے ترقیاتی فنڈ کی مد میں 24 ارب جاری کیے گئے۔گلگت بلتستان کیلئے 15 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ جاری ہوا۔ دستاویزات کے مطابق فاٹا اور سرحدی علاقوں کیلئے 25 ارب 88 کروڑ کا ترقیاتی فنڈ ہوا اور آئی ڈی پیز کیلئے 57 ارب روپے جاری کیے گئے جبکہ ایرا کیلئے ترقیاتی فنڈ کی مد میں 6 ارب 89 کروڑ روپے کا اجرا کیا گیا۔