اسرائیل فلسطینی قصبے ’خان الاحمر‘ کی مسماری کا فیصلہ واپس لے،ایمنسٹی انٹرنیشنل

اتوار 3 جون 2018 10:20

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے ’الخان الاحمر‘ کو مسمار کرنے اور وہاں آباد فلسطینیوں کو جبرا بے دخل کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی قصبے الخان الاحمر سے فلسطینیوں کو زبردستی باہر نکال کر ان کی جگہ یہودیوں کو بسانا جنیوا معاہدے اور دیگرعالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم کی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ وشمالی افریقا ماجد الینا مغربی نے اسرائیلی سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے جس میں عدالت نے الخان الاحمر کو خالی کرانے کے بعد وہاں پر یہودیوں کو بسانے کی اجازت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیل کی سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں الخان الاحمر کو مسمار کرنے اور اس میں آباد فلسطینیوں کو وہاں سے بے دخل کرنے کی اجازت دی تھی۔