فواد خان کے ’’چائے والا‘‘ اسٹائل کے چرچے

مداحوں نے ایک بار پھر فواد خان کا موازنہ ارشد خان سے کر دیا

اتوار 3 جون 2018 11:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) لولی وڈ اداکار فواد خان اور ماہرہ خان نے حال ہی میں بھارتی فیشن میگزین ’برائڈل‘ کے لیے ایک فوٹوشوٹ کروایا تھا، جس میں دونوں کے بولڈ اسٹائل کو کافی سراہا جا رہا ہے۔’برائڈل‘ میگزین کے اس فوٹوشوٹ میں دونوں پاکستانی اداکاروں نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر صدف فواد خان کی ملبوسات پہنیں تھیں، جن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فوٹو شوٹ اور دونوں اداکاروں کے لیے تیار کردہ ملبوسات پر بہت محنت کی۔

اس فوٹو شوٹ میں جہاں ماہرہ اور فواد کے بولڈ انداز کو سراہا جا رہا ہے، وہیں اس فوٹو شوٹ میں فواد خان کو دیکھ کر لوگوں کو ’چائے والا‘ ارشد خان یاد آگیا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مداحوں نے فواد خان اور ’چائے والا‘ کا موازنہ کیا ہو، اس سے قبل 2016 میں جب ارشد خان کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں اور وہ راتوں رات اسٹار بن گئے تھے، تب بھی کئی لوگوں نے ان کا موازنہ صف اول کے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس بار فواد خان نے فوٹوشوٹ میں نہ صرف شلوار قمیض پہنی بلکہ ’چائے والا‘ سے مشابہ میک اپ بھی کیا، جس وجہ سے کئی لوگوں نے ایک بار پھر ان کا موازنہ ارشد خان سے کیا۔واضح رہے کہ ارشد خان عرف ’چائے والا‘ کو اکتوبر 2016 میں اس وقت اچانک شہرت ملی، جب اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی فوٹوگرافر جویریہ علی نے ان کی سنڈے بازار کے ایک ٹی اسٹال پر کھینچی گئیں تصاویرسوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

متعلقہ عنوان :