انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچز، آسٹریلیا نے عالمی چیمپئن جرمنی کو ہرا دیا، انگلینڈ، آئرلینڈ، ناروے، چین، سلوانیا کی بھی فتوحات

اتوار 3 جون 2018 16:40

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) آسٹریلیا نے عالمی چیمپئن جرمنی کو انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچ میں سخت مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا کر ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں حریف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، انگلینڈ نے نائیجیریا، آئرلینڈ نے امریکہ، ناروے نے آئس لینڈ، چین نے تھائی لینڈ اور سلوانیا نے مونٹی نیگرو کو ہرا کر فتوحات سمیٹیں۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں مختلف ممالک میں کھیلے گئے انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچز میں آسٹریلیا نے عالمی چیمپئن جرمنی کو زبردست مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گولز سے زیر کیا، آسٹریلیا نے دونوں گولز دوسرے ہاف میں کر کے کامیابی سمیٹی، انگلینڈ نے نائیجیریا کو 2-1 گولز سے شکست دی، آئرلینڈ نے امریکہ کو اسی مارجن سے ہرایا، ناروے نے آئس لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 گولز سے شکست دی، چین نے تھائی لینڈ کو 2-0 اور سلوانیا نے مونٹی نیگرو کو 2-0 گولز سے مات دی۔ پرتگال اور بیلجیئم، ڈنمارک اور سویڈن کے درمیان کھیلے گئے میچز بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوئے۔