فرینک فائیو کلب نے فیورٹ ڈی ایچ اے کلب کو شکست دے کر رمضان المبارک فلڈ لائٹ باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

اتوار 3 جون 2018 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) فرینک فائیو کلب نے فائنل میں کانٹے دار مقابلے کے بعد فیورٹ ڈی ایچ اے کلب کو شکست دے کر رمضان المبارک فلڈ لائٹ باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی خواجہ طاہر ضیا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری سید مودود جعفری ، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے عہدیداران اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈان باسکو ہائی سکول میں کھیلے گئے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کیمابین توقعات کے مطابق سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکساں 46-46 پوائنٹس سکور کئے۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں فرینک فائیو نے چھ پوائنٹس کی سبقت حاصل کی اور سکور 24-18 رہا۔

(جاری ہے)

تیسرے اور فیصلہ کن کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرکے شائقین سے بھرپور داد وصول کی تاہم فرینک فائیو کے کھلاڑیوں نے دوسرے کوارٹر کی سبقت کو برقرار رکھتے ہوئے میچ 70-64کے سکور سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے حافظ عمر نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 30جبکہ ڈی ایچ اے کے سلمان بٹ 22پوائنٹس کے ساتھ نمایاں سکورررہے۔ رمضان سے قبل کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں ڈی ایچ اے نے کامیابی حاصل کی تھی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرگنائزنگ سیکرٹری سید مودود جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کھیل کے فروغ کیلئے ہر ممکن کاوشیں کررہی ہے جس کے تحت ہر ماہ ایونٹس کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے رمضان المبارک ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد سینئر ، جونیئر اور خواتین کیلئے ایونٹس منعقد کئے جائیں گے جن کے شیڈول کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا ۔ سید مودود جعفری کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کلب سطح کے ایونٹ میں ہر کلب کو دو دو ڈیپارٹمنٹ کے کھلاڑیوںکو شامل کرنے کی اجازت دی گئی جس سے کلب کے کھلاڑیوںکا معیار بڑھا اور انکے تجربے میںبھی اضافہ ہوا جبکہ اداروں کے کھلاڑیوںکو بھی اچھی باسکٹ بال کھیلنے کو ملی ۔انہوں نے کہاکہ ہر سطح پر باسکٹ بال ایونٹ کا انعقادکیا جا رہا ہے جس سے بے تحاشہ ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے ۔اس ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے بھی تین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔