لیڈزٹیسٹ ، پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، اننگز اور55رنز سے شرمناک شکست

انگلینڈ نے 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز1-1سے برابر کر دی انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں189رنز کی برتری کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں134رنز بنا کر آئوٹ،8بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے،امام الحق34اور عثمان صلاح الدین 34رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے انگلینڈ کی جانب سے ڈومینک بیس اور اسٹیورٹ براڈ نے 3،3، اینڈرسن نی2،ووکس اور سیم کرن نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا،انگلینڈ کے جوس بٹلر مین آف دی میچ اورپاکستان کے محمد عباس مین آف دی سیریز قرار

اتوار 3 جون 2018 21:00

لیڈز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دھوکہ دے گئی ۔انگلینڈ نے 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو اننگز اور55رنز سے شرمناک شکست دیکر سیریز1-1سے برابر کر دی۔انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں189رنز کی برتری کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں134رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،پاکستان کی8بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے،امام الحق34اور عثمان صلاح الدین 34رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈومینک بیس اور اسٹیورٹ براڈ نے 3،3، جیمز اینڈرسن نے دو،کرس ووکس اور سیم کرن نے ایک ایک کھلاڑی کو آٹ کیا،انگلینڈ کے جوس بٹلرکو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،پاکستان کے محمد عباس مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو لیڈز میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے 302رنز 7کھلاڑی آئوٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو جوز بٹلر پاکستانی بالرز کی راہ میں حائل تھے۔

انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 363 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی جبکہ جوز بٹلر نے ناقابل شکست 80 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو پہلی اننگز میں 189رنز کی فیصلہ کن برتری دلائی۔انگلینڈ کے جوس بٹلر اور سیم کرن نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں 17 رنز کے اضافے کے بعد سیم کرن پویلین لوٹ گئے۔سیم کرن 20 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ انگلش ٹیم کی نویں وکٹ اسٹورٹ براڈ کی گری جو 2 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔

آخری آٹ ہونے والے کھلاڑی اینڈرسن تھے جنہیں حسن علی نے پویلین کی راہ دکھائی اور انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 363 کے مجموعی اسکور پر آٹ ہوگئی۔انگلش ٹیم کی جانب سے جوس بٹلر 80، ڈومینک بیس 49 اور الیسٹر کک 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

189رنز کے خسارے کے بعد پاکستانی اننگز کا آغاز ایک مرتبہ پھر مایوس کن انداز میں ہوا اور اظہر علی 11اور حارث سہیل 8 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے۔پاکستان کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب تجربہ کار اسد شفیق لیگ اسٹمپ سے باہر جاتی گیند پر غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز جم کر وکٹ پر نہ کھیل سکا اور پاکستان کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق34،حارس سہیل8،اسد شفیق5،عثمان صلاح الدین33،سرفراد احمد8،شاداب خان4،فہیم اشرف7،حسن علی9اور محمد عباس ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ محمد عامر 9رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔انگلینڈ کی جانب سے ڈومینک بیس اور اسٹیورٹ براڈ نے 3،3 جبکہ جیمز اینڈرسن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ غلط ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 174رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، پہلی اننگز میں شاداب خان 56 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :