اسلامی امور کے نئے سعودی وزیر فقہ کے ماہر اور معتدل سماجی فکر کے حامل

مذہبی پولیس میں اہم اصلاحات کیں،فورسزکو لوگوں کا پیچھا کرنے سے روکا،عرب ٹی وی کی رپورٹ

پیر 4 جون 2018 12:30

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) سعودی فرماں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک شاہی فرمان کے ذریعے ڈاکٹر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز بن عبدالرحمان آل الشیخ کو اسلامی امور ، دعوہ اور ارشاد کا وزیر مقرر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈاکٹر آل الشیخ اس سے پہلے سعودی عرب میں مختلف محکموں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ اسلامی فقہ میں مہارت کی شہرت رکھتے ہیں۔

وہ سعودی جنرل پریزیڈینسی میں ڈائریکٹر جنرل تحقیقات اورسینئر علماء کی کونسل میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل دوم کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل ہیں اور انھوں نے امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سے اسلامی فقہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔وہ سعودی عرب کے کمیشن برائے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مذہبی پولیس کے نام سے معروف اس محکمے میں متعدد اصلاحات کی تھی اور اس کے اہلکاروں کو لوگوں کا پیچھا کرنے سے روکا تھا۔انھوں نے گذشتہ برسوں کے دوران میں سیاسی اسلامی گروپوں کے بارے میں میڈیا میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کمیشن میں ان کی اصلاحات اور اس کے قواعد وضوابط میں ترامیم کے نتیجے ہی میں ہزاروں سعودی خواتین کے لیے ملازمتوں کی راہ ہموار ہوئی ہے اور اس سے سعودی خواتین میں بے روز گاری کی شرح میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔