گوجرخان میںجیولر کا بے دردی سے قتل، لواحقین اورصرافہ برادری کا شدید احتجاج

پیر 4 جون 2018 23:35

گوجرخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) گوجرخان میں معروف تاجر عقیل احمدصراف کے نوجوان بیٹے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ، لواحقین اورصرافہ برادری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ احکام سے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز معروف تاجر عقیل احمدصراف کے نوجوان بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جس کی نعش خون میں لت پت بوچیال کے قریب سے ملی پولیس تھانہ گوجرخان نے مقتول ذیشان کے والد عقیل احمد کے بیان پر مقدمہ درج جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ادھر لواحقین مقتول کی میت کو جی ٹی روڈپر لے آئے اور ٹریفک کو دونوں اطراف سے بند کردیا،ڈیڑھ گھنٹہ تک ٹریفک کی آمدورفت تعطل کاشکار رہی اس دوران چیئرمین میونسپل کمیٹی اور صدر صرافہ ایسوسی ایشن محمد شاہد صراف بھی موقع پر پہنچ گئے مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ تاجر عدم تحفظ کاشکار ہیں اور ہمارے نوجوان بچے کوبے دردی سے قتل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے کوئی تعاون نہیں ہے جس پر ایس ایچ او اشتیاق مسعود چیمہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ملزمان کو گرفتار اور قانون کے مطابق ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے انہوں نے کہا کہ ملزم کو رات گئے گرفتار کرلیا ہے جس سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے ، چار روز کے اندر اس مقدمہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گیاایس ایچ او کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن منتشر ہوگئے مظاہرے کے بعد مقتول ذیشان کی نماز جنازہ باباشیخ طالب والے قبرستا ن میں ادا کر دی گئی نماز جنازہ میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔