پاکستان میں بننے والی فٹبال خلا میں بھی پہنچ گئی

روسی اسٹیٹ اسپیس ایجنسی روس کوسموس نے پاکستان میں تیار ہونے والے آفیشل گیندایڈیڈاس ٹیلی اسٹار 18 کو ورلڈ کپ مہم کیلئے خلا میں بھیجا

منگل 5 جون 2018 15:35

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) پاکستان کی ٹیم تو ورلڈ کپ فٹ بال میں نہیں ہوتی لیکن پاکستان کی بنائی ہوئی فٹ بال خلا میں ضرور پہنچ گئی ہے۔حال ہی میں روسی اسٹیٹ اسپیس ایجنسی روس کوسموس کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں 2روسی خلاباز اینٹون شکاپلیروو اور اولیگ آرٹیم ییو فٹبال کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

خلائی اسٹیشن میں یہ فٹبال ٹریننگ سیشن فیفا ورلڈ کپ 2018کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا، جو 14جون سے روس میں شروع ہو رہا ہے اور اس میں استعمال ہونے والی گیندایڈیڈاس ٹیلی اسٹار 18پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار کی گئی ہیں۔روسی خبر رساں ادارے آر ٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق ان ہی میں سے ایک گیند خلا میں بھی بھیجی گئی جس سے خلابازوں نے فٹ بال کھیلی۔

(جاری ہے)

کوسمک میچ کے دوران خلابازوں کو گول روکتے اور کِک لگانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ جیسے ہی خلا باز کسی گول کو روکنے یا کِک لگانے کی کوشش کرتے، اس سے قبل وہ خود ہی گھومنا شروع ہوجاتے اور پھر کہیں جاکر وہ گول روکتے یا کِک لگا پاتے۔یہ بھی بتاتے چلیں کہ گزشتہ روز روسی کوسمونوٹ اینٹون شکاپلیروو، ناسا کے خلاباز اسکاٹ ٹنگل اور جاپان کی ایرواسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے اے ایکس ای)کے نورشگی کنائی کے ساتھ یہ فٹبال بھی روسی اسپیس سوئیوز کیپسول میں زمین پر واپس آچکی ہے۔

یہ تینوں خلاباز ساڑھے 5مہینے تک انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن میں قیام کے بعد زمین پر کامیابی سے واپسی آئے، جن کے کیپسول نے قازقستان میں لینڈ کیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل سیالکوٹ میں فٹبال بنانے والی کمپنی 'فارورڈ اسپورٹس' کے چیئرمین خواجہ مسعود کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کے لیے پاکستانی فٹبال کا استعمال نہ صرف ملک کے لیے باعث فخر ہے بلکہ اس سے میگا ایونٹ میں کھیلنے والے 32 ممالک کے ساتھ پاکستان کا نام بھی شامل ہو جائے گا۔